گلشن اقبال بلاک 6 بحالی سینٹر میں معذور بچے پر تشدد، مقدمہ درج
کراچی: گلشن اقبال بلاک 6 میں واقع ایکروآٹزم کئیر اینڈ ری ہیبلیٹیشن آرگنائزیشن میں معذور بچے پر مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ واقعے کی ویڈیو گذشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں ایک ٹیچر کو معذور بچے کو بے دردی سے مارپیٹ کرتے دیکھا گیا۔
الطاف حسین نامی شہری نے ویڈیو کا بغور جائزہ لینے کے بعد متعلقہ تھانے میں بحالی سینٹر کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔ مدعی کے مطابق سینٹر میں معذور بچوں کو تربیت اور بحالی کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، تاہم مذکورہ واقعے نے ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
الطاف حسین نے الزام لگایا کہ نہ صرف ٹیچر نے بچے پر تشدد کیا بلکہ ادارے نے واقعے کو چھپانے کی کوشش کی اور ٹیچر کی سہولتکاری کی۔ مدعی نے اپیل کی ہے کہ تشدد کرنے والی ٹیچر اور ادارے کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔