کوئٹہ: آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے سریاب اور نیو سریاب ٹریننگ کالج کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تھانہ منظور شہید اور تھانہ خالق آباد کے علاوہ اے ٹی ایف ہیڈکوارٹر کا بھی دورہ کیا۔
دورے کے دوران آئی جی پولیس نے افسران سے ملاقات کی اور سیکیورٹی چیلنجز پر بریفنگ لی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہداء نے قیامِ امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے جبکہ جوانوں کی قربانیوں سے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنائے گئے۔
محمد طاہر نے کہا کہ عوامی تعاون سے پرامن اور خوشحال بلوچستان کا خواب پورا ہوگا۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان پولیس کا کردار قابلِ تحسین ہے اور پولیس ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
آئی جی پولیس بلوچستان نے مزید کہا کہ قیامِ امن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ملک دشمن عناصر کے خلاف پولیس بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ فورس کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔