میر رضا قتل کیس، تحقیقات کیلئے 24 اگست تک مہلت

عدنان اطہر عدنان اطہر

میر رضا قتل کیس، تحقیقات کیلئے 24 اگست تک مہلت


کراچی: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے میر رضا قتل کیس میں تفتیشی افسر کو تحقیقات مکمل کرنے کے لیے 24 اگست تک کی مہلت دے دی۔ دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ نے مقتول کے بزنس پارٹنر محمد احمد کی عبوری ضمانت میں بھی 24 اگست تک توسیع کر دی۔

سماعت کے دوران مدعی مقدمہ میر حسن، وکیل جبران ناصر اور تفتیشی افسر سراج لاشاری پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ محمد احمد کا بیان بطور گواہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محمد احمد نے کہا کہ جب بھی پولیس نے بلایا وہ پیش ہوئے، تاہم انہیں گھنٹوں بٹھایا جاتا ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ضمانت کے دوران وہ نہ گھر تبدیل کریں اور نہ شہر سے باہر جائیں۔

عدالت نے تفتیش میں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والد، خاندان اور شہر والے پریشان ہیں، حقائق سامنے لائے جائیں۔ سراج لاشاری نے بتایا کہ کیس میں 35 افراد سے تحقیقات جاری ہیں، کال ریکارڈ کے مطابق واقعے کے روز رابطے میں رہنے والوں کو خاص طور پر بلایا گیا ہے۔ ابھی تک کوئی ملزم نامزد نہیں ہوا۔

عدالت کے باہر وکیل جبران ناصر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مقتول کے والدین اور بہن نے ان افراد کے نام دیے ہیں جن کے پاس معلومات ہوسکتی ہیں، ہم شفافیت چاہتے ہیں اور کسی پر بلاوجہ شک نہیں ڈال رہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے بھی تحقیقات مکمل کرنے کے لیے 24 اگست تک کی مہلت دے دی اور آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔