مبینہ رشوت لے کر غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کے کیس میں ملزم نادرا کے چھ ملازمین کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ایف آئی اے نے نادرا ملازمین کو پیش کیا۔عدالت نے تفتیشی افسر کو ملزمان کے کورونا ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی اور آئندہ سماعت پر ایف آئی اے سے کیس کا چالان طلب کرلیا ۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر غیر قانونی طور پر برمی، افغانی اور ایرانی باشدوں سمیت دیگر کو شناختی کارڈ بنا کر دینے کا الزام ہے۔ ملزمان کے خلاف ڈائریکٹر جنرل،ٹیکنیکل کی شکایت پر کارروائی کی گئی ہے۔ ایف آئی اے ہیومن ٹریفکنگ سیل نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا تھا ۔