کراچی بارش کے بعد صورتحال پہلے جیسی رہی

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

کراچی بارش کے بعد صورتحال پہلے جیسی رہی


کراچی میں ایک بار پھر شدید حبس اور گرمی کےبعد کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش برسی ۔ نارتھ کراچی میں تیز بارش نے رین ایمرجنسی کا پول کھول دیا ۔برساتی نالہ اُبلا تو شاہراہ عثمان زیر آب آئی ۔
کراچی میں جمعہ کی صبح سے اُفق پر کالے بادل چھائے ہوئے تھےلیکن حبس کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا۔شام ہوتےہی بادل برسے اور موسم خوش گوار ہوگیا ۔سپر ہائی وے گڈاپ ۔ گلشن معمار ۔ بفرزون ، ناگن۔ ناظم آباد نارتھ ناظم آباد میں بارش ہوئی ۔
جہاں بارش ہونے سے   شہریوں کو گرمی  سے چھٹکارہ ملا تووہیں ضلع وسطی کےمختلف علاقوں میں پانی جمع ہوا۔ بارش ہوتے ہی   شاہراہ عثمان پر واقع برساتی نالہ اوور فلو ہوگیا جس کےبعدناگن چورنگی ، پاور ہاوس چورنگی  اوردومنٹ   چورنگی  اور حیدری کے مقام پر بھی پانی جمع ہوا۔جوبعد میں انتظامیہ کی جانب سے لگائی گئی پمپنگ مشینوں  سے نکال لیا گیا ۔ بفرزون کو جانے والی شاہراہ  پر پانی جمع ہوا ۔ جو تالاب کا منظر پیش کرتی رہی۔
محکمہ موسمیات کے جاری اعدادوشمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش نارتھ کراچی میں 41.6ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔سرجانی ٹاون میں 30.3، گلشن معمار میں 16.2، اورنگی ٹاؤن میں 2،سعدی ٹاؤن میں1.5 اور یونیورسٹی روڈپر1.3ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی۔محکمہ موسمیات نے 25 جولائی تک کراچی میں بارش کی پیشگوئی کررکھی ہے۔