کراچی میں چار روزہ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز دوہزار چوبیس پوری آب و تاب کے ساتھ جاری رہنے کے بعد اختتام کو پہنچی۔ تین سو تینتیس غیرملکی سمیت پانچ سو ستاون مندوبین شریک ہوئے۔ پاکستان اور دیگر ممالک کی کمپنیوں نے جدید جنگی و ساز وسامان کی نمائش کی۔آئیڈیا زکے دوران سامان حرب کی خریداری سے متعلق بیاسی ایم او یو سائن ہوئے۔
آئیڈیاز نمائش کی اختتامی تقریب میں پاک بحریہ کے میوزیکل بینڈ نے شاندار پرفارمنس پیش کی۔ مہمان خصوصی سیکریٹری دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر)چراغ حیدر نے تقریب سے خطاب میں کہا دفاعی نمائش میں ڈھائی سو سے زائد بزنس ٹو بزنس اور بزنس ٹو گورنمنٹ ملاقاتیں ہوئیں۔ پچھتر ہزار سے زائد افراد نے نمائش میں شرکت کی۔ شہپر تھری سمیت ہمارے عسکری سامانِ حرب کو بیرونی وفود کی جانب سے خوب پذیرائی ملی ۔ٹیکنالوجی پارکس کے لئے پندرہ ، مشرق وسطی کے ممالک کے ساتھ دس اور سوئٹزرلینڈ کی کمپنی کےساتھ دس ارب روپے کے ایم او یوز سائن ہوئے۔ سیکریٹری دفاع نے بتایا آئیڈیاز کو مالیاتی تناظر میں دیکھنا درست نہیں۔اب تک آئیڈیاز میں ہمارا ہدف تیس ارب ڈالرز کی ایکسپورٹ رہا ہے ۔ نمائش میں جو معاہدے ہوئے وہ ابھی حتمی مراحل تک نہیں پہنچے۔غیر ملکی دفاعی کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے۔ لیٹر آف انٹنٹ ملنے کے بعد بات چیت کو آگے بڑھایا جاتا ہے۔ سیکریٹری دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر)چراغ حیدر کا کہنا تھا ہماری دفاعی برآمدات صفر اعشاریہ تین ارب ہوئی تھی۔اس بار سالانہ دفاعی برآمدات میں پینتالیس کروڑ ڈالر اضافہ ہوگا۔مستقبل میں دفاعی پیداوار کے حوالے سے دیگر سرمایہ کاروں کو کو شامل کریں گے۔ آئیڈیاز کا تیرہواں ایڈیشن نو مبر دوہزار چھبیس میں ہوگا ۔ ڈی جی، ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن میجر جنر ل اسد نواز نےبتایا آئیڈیاز کے دوران بیاسی ایم او یو سائن ہوئے۔ ان میں سے چھ ایم او یوز پبلک انڈسٹری میں ہوئے۔