سندھ کابینہ میں سندھ آئی ٹی کمپنی کے قیام کے قواعد میں ترمیم کی منظوری ۔ سکھر آئی بی اے کے ساتھ جنرل اسکریننگ ٹیسٹ کے انعقاد کے ایم او یو کی توسیع کر دی گئی ۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی کابینہ نے فوتی کوٹہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ختم کرنے کی منظوری دی۔ کراچی ملیر میں حسن سلیمان میموریل اسپتال کے لئے دو اعشاریہ تین ارب گرانٹ فراہم کی جائے گی۔کابینہ نے دیہی آبادی کو صاف پانی اور صفائی کی سہولیات فراہم کرنے کےلیے سندھ پیپلز رورل سوک سروسز کمپنی قائم کرنے کی بھی منظوری دی ۔ عالمی بینک اس کے لئے چالیس کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔ معمولی آٹسٹک بچوں کو عام سرکاری اور نجی اسکولوں میں داخلے سے انکار کیا جاتا ہے۔ مسئلے کو حل کرنے کےلیے ڈائریکٹوریٹ آف انکلوسو ایجوکیشن قائم کیا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا تعلیمی بورڈز کے لیے چیئرمین، سیکریٹریز، کنٹرولر آف ایگزامینیشن اور آڈٹ افسران کی تقرری کےلئے بڑی تعداد میں درخواست موصول ہوئی ہیں۔ سرچ کمیٹی کے ذریعے انٹرویو لئے جائیں گے۔ تھر سے نکلنے والے کوئلے کا صحیح انداز لگانے کے لئے خودکار الیکٹرانک ویٹ مشینیں لگانے کی منظوری بھی دی گئی۔ طےپایا کہ ہالا تعلقہ مٹیاری میں ایک سو بتیس کے وی کے گرڈ اسٹیشن کے قیام کے لئے حیسکو کو چار ایکڑ اراضی الاٹ کی جائے گی۔کابینہ نے سی ای او، ٹرانس کراچی کے لئے طارق منظور چانڈیو کی تقرری کی منظوری دی۔