وزیربلدیاتی سندھ سعید غنی کی ڈیمالیشن کمیٹیاں فوری بحال کرنے کی ہدایت۔ منظور شدہ بلڈنگ پلان کی خلاف ورزی پر بلڈنگ پلان منسوخ اور غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے احکامات جاری کردیئے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اجلاس میں وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا تمام فیلڈ اسٹاف و بلڈنگز انسپکٹرز ہر ماہ اپنے دستخط سے سرٹیفکیٹ جمع کرائیں ۔ سرٹیفکیٹ میں اس بات کی تصدیق کی جائے کہ ان کے دائرہ اختیار میں کوئی غیر قانونی تعمیر نہیں ہوئی ہے۔ اگر کوئی بلڈر منظور شدہ بلڈنگ پلان کی خلاف ورزی کرتا یا غیر مجاز تعمیرات میں ملوث پایا گیا تو اس کے بلڈنگ پلان کی منظوری منسوخ کر دی جائے گی ۔ایسے افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جائے۔ صوبائی وزیر بلدیات نے کہا ایس بی سی اے کا کوئی بھی اہلکار غیر قانونی تعمیرات میں ملوث پایا گیا ،، تو اسے معطل کرکے سندھ کے دیگر اضلاع میں تبادلہ کردیا جائے گا۔ کے الیکٹرک، واٹر بورڈ، ایس ایس جی سی سمیت تمام یوٹیلیٹی اداروں کو آگاہ کیا جائے کہ جس بلڈنگ کے مکمل ہونے کا سرٹیفکیٹ نہ ہو ،،اس کو یوٹیلیٹی فراہم نہ کی جائیں۔