کراچی میں بارش برسانے والا سسٹم کمزور پڑ گیا۔ تین روز برسنے والی بارشوں کے بعد اتوار کو شہر میں دھوپ نکل آئی۔ شہر کی مرکزی شاہراہوں سے تو برساتی پانی کی نکاسی ہوگئی،، تاہم کچھ علاقوں میں سڑکیں زیرِ آب ہیں۔
کراچی والوں نے مون سون بارشوں کو خوب انجوائے کیا ،، لیکن شہر کے چند مقامات پر برساتی پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
گلستان جوہر بلاک دس کی ٹوٹ پھوٹ کاشکارسڑک کی حالت بارشوں کے بعد مزید ابتر ہوگئی۔گلستان جوہرپہلوان گوٹھ سے جوہر چورنگی جانے والی سڑک کے دونوں ٹریک سے پانی کی مکمل نکاسی نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب بارش کے بعد کورنگی روڈ ، قیوم آباد چورنگی ، لیاری لی مارکیٹ اور کبوتر چوک کی سڑکیں بھی پانی میں ڈوب گئی تھی۔ ہفتہ کو تیز بارش کے بعد ڈیفنس، قیوم آباد، لارنس روڈ اور کھارادر میں سڑکیں زیرِ آب آگئی تھیں۔۔ نمائش چورنگی، گرومندر اور بولٹن مارکیٹ کے اطراف بھی برساتی پانی جمع ہوگیا تھا۔
قائد آباد داود چورنگی کی سڑک بھی بارش کے بعد پانی میں ڈوبی رہی۔ شہری ایک طرف موسم خوشگوار ہونے پر خوش تو سڑکوں پر پانی جمع ہونےا ور کیچڑ سے پریشان ہیں۔
مختلف علاقوں میں کیچڑ اور پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو رہی ہے۔۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کراچی میں مون سون کا سسٹم کمزور پڑ چکا ہے۔