عوام کی چھوڑیں کراچی میں پولیس افسر بھی محفوظ نہیں

عرفان علی عرفان علی

عوام کی چھوڑیں کراچی میں پولیس افسر بھی محفوظ نہیں

عوام کی چھوڑیں کراچی میں پولیس افسر بھی محفوظ نہیں۔  پانچ ڈاکووں نے ایس ایس پی  کے گھر کا صفایا کردیا۔ اہلخانہ کو یرغمال بنا کر  دو کروڑ روپے سے زائد  مالیت کی ملکی و غیرملکی کرنسی،زیورات اور دیگر  اشیاء لوٹ کر فرار ہوگئے۔ 


 پولیس کےمطابق پانچ سے زائد ملزمان  رات گئے ڈیفنس خیابان مجاہد کے بنگلے میں  گرل کاٹ کر عقب سے داخل ہوئے۔ سفید رنگ کی فور بائی فور گاڑی میں آنے والے  ڈاکووں  نے اہلخانہ کو رسیوں سے باندھ  دیا۔ چوکیدار دوسری جانب موجود تھا۔ ملزمان نے   ایس ایس پی توحید رحمان میمن کے گھر سے    نوے لاکھ روپے مالیت کے ڈالر اور  دس لاکھ روپے پاکستانی لوٹ لئے۔ ڈاکو  ایک کروڑ دس لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور موبائل فونز    کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ بھی ساتھ لے گئے۔  پولیس ذرائع کےمطابق واردات کے وقت ایس ایس پی کا گن مین سرکاری رائفل تکئے کے نیچے رکھ کر سورہا تھا۔واردات کا مقدمہ ایس ایس پی کے بنگلے پر تعینات کانسٹیبل کی مدعیت میں تھانہ درخشاں میں درج کرلیا گیا۔توحید رحمان میمن  ایس ایس پی ضلع کورنگی سمیت کئی اہم عہدوں پر  تعینات رہ چکے ہیں۔ وہ  سندھ حکومت کی ترجمان عقربہ فاطمہ کے شوہر بھی ہیں۔