سندھ حکومت کا آئندہ مالی سال میں پیپلز بس سروس کے لئے پانچ سو نئی بسیں خریدنے کا فیصلہ۔ کراچی میں دو سو الیکٹرک ٹیکسیاں بھی چلائی جائیں گی، جن میں پچاس پنک ٹیکسیاں خواتین کے لئے مخصوص ہوں گی۔اورینج، گرین اور ریڈ لائن بسوں کو آپس میں ملانے کے اقدامات کی ہدایت کردی گئی۔
ٹرانسپورٹ کی سہولیات سے متعلق اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے کراچی میں پیپلز بس سروس کی تمام بسیں سڑکوں پر لانے کے احکامات جاری کردیئے۔ کہا پندرہ جون تک مزید بیس بسیں بھی سندھ حکومت کو مل جائیں گی۔ بیک اپ میں کھڑی بسوں کو بھی فعال کیا جائے۔ گلی گلی میں پیپلز بس سروس کی سہولت پہنچائی جائے۔ اجلاس میں پیپلز بس سروس کے لئے آئندہ مالی سال میں پچیس ارب مالیت کی پانچ سو نئی بسیں خریدنے کا فیصلہ ہوا۔ صوبائی وزیر نے اورینج، گرین اور ریڈ لائن بسوں کو آپس میں ملانے کے لئے فوری منصوبہ بندی کی ہدایت کردی۔ ابتدائی طور پر کراچی میں دو سو الیکٹرک ٹیکسیاں چلانے کا بھی فیصلہ ہوا،، جن میں سے پچاس پنک ٹیکسیاں خواتین کے لئے مخصوص ہوں گی۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا ماحول دوست ٹیکسی چلانے سے اربوں روپوں کے تیل کی بچت کے ساتھ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کا موقعہ ملے گا۔الیکٹرک ٹیکسیوں کے لئے چارجنگ اینڈ پارکنگ ڈپو بھی بنائے جائیں گے۔